27 مارچ ، 2013
اسلام آباد… چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ارکان کل (جمعرات کو ) بلوچستان میں سیاسی رہ نماوں سے ملاقاتیں کریں گے،سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے ارکان کل کوئٹہ میں نیشنل پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی،بی این پی مینگل ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، پختون خوا ملی عوامی پارٹی ،جمعیت علمائے اسلام ( ف) ، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز ، مسلم لیگ ن ،تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور اے این پی سمیت دیگر بلوچ رہ نماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔مسلم لیگ ن کو شیر، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کو تیر،پاکستان پیپلزپارٹی کو دوتلوار ، پیپلزپارٹی شہید بھٹو کو مکا ، تحریک انصاف بیٹ، مسلم لیگ ق سائیکل، ایم کیوایم پتنگ،اے این پی لالٹین، جے یو آئی ف کو کتاب، جماعت اسلامی ترازو ، آل پاکستان مسلم لیگ کو عقاب،مسلم لیگ فنکشنل کو پھول، عوامی مسلم لیگ کو قلم دوات کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔