27 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وزارت پانی وبجلی نے پارلیمنٹ لاجز کے بجلی کے بلزادا نہ کرنے والے سابق وزیراعظم، اسپیکر، وزیر خارجہ و داخلہ سمیت 360 اراکین قومی اسمبلی و موجودہ سینیٹرز کی فہرست الیکشن کمیشن کے حوالے کردی۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر آپریشن ٹو آئیسکو نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بجلی کے نادہندگان کی ایک فہرست بھیجی ہے، جس میں سابق وزیراعظم پاکستان راجا پرویز اشرف، ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی، سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، رحمن ملک، مخدوم امین فہیم، نسرین جلیل، بابر غوری ، اسحاق ڈار ، میاں منظور وٹو، ، مولانا فضل الرحمان ، شیخ وقاص اکرم ، سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر افراسیاب خٹک، تہمینہ دولتانہ، سینیٹر بابر خان غوری، سینٹر حاصل خان بزنجو، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، آفتاب خان شیرپاوٴ، سینیٹر الیاس بلور، وسیم اختر، گل محمد جاکھرانی، شاہی سید، آیت اللہ درانی، اعجاز شیرازی، اعجاز جاکھرانی، سینیٹر مولابخش چانڈیو، امیر مقام، جنرل عبدالقادر بلوچ اور نذر محمد گوندل، قمر زمان کائرہ، سید ظفر علی شاہ، میر اسرار اللہ زہری، بیگم شہناز شیخ، نواب عبدالغنی تالپور، خواجہ سعید رفیق، غوث بخش مہر سمیت دیگر شامل ہیں۔ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے سب سے بڑے نادہندہ سابق وفاق وزیر داخلہ رحمان ملک ہیں جن پر 47 لاکھ 53 ہزار 731 روپے ہیں۔ ان کے علاوہ جادم منگریو پر 8 لاکھ 18 ہزار 583 روپے، شاہد حسین بھٹو 6 لاکھ 56 ہزار 539 روپے، سردار لطیف کھوسہ پر 4 لاکھ 95 ہزار 921 روپے، فاروق ایچ نائیک پر 3 لاکھ 62 ہزار 47 روپے ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پر 3 لاکھ 49 ہزار 419 روپے، فیصل کریم کنڈی پر تین لاکھ 38 ہزار 952 روپے، مخدوم شہاب الدین پر 2 لاکھ 57 ہزار 75 روپے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پر ایک لاکھ 12 ہزار 377 روپے، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر پر 18 ہزار 647 روپے، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف 2 ہزار 699 روپے، سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی 4 ہزار 245 روپے واجب الادا ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل اگر واجبات ادا نہیں کئے گئے تو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوجائیں گے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبوں کے صوبائی الیکشن کمشنرز اور ضلعی دفاتر کو فہرست فراہم کردی ہیں۔