27 مارچ ، 2013
لاہور … پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 4 قومی اسمبلی کے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے جبکہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 میں ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان اور پیپلز پارٹی کے منور انجم اور اسلم گل میں سے کسی ایک امیدوار سے ہوگا، مسلم لیگ ق نے عمران خان کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہ لانے اور صوبائی نشست پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق عمران خان این اے ون پشاور، این اے 56 راولپنڈی، این اے 71 میانوالی اور این اے 126 لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔ لاہور میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے متوقع امیدواروں میں خواجہ احمد حسان یا عمر سہیل ضیاء بٹ ہوں گے۔ پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے منور انجم اور اسلم گل میں سے کسی ایک کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ علاقہ گلبرگ، جوہر ٹاوٴن، فیصل ٹاوٴن، مسلم ٹاوٴن اور علامہ اقبال ٹاوٴن پر مشتمل ہے۔ اس حلقے سے 2008ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عمر سہیل بٹ جیتے تھے ، 1988ء میں خواجہ طارق رحیم جیتے تھے، دوسری بار ن لیگ اور جماعت اسلامی کے اتحاد کے بعد لیاقت بلوچ کامیاب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ جماعت اسلامی عمران خان اور ن لیگ کے ساتھ اتحاد کی خواہاں ہے تاہم وہ صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں کے مصداق انتظار کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ اس مرتبہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پہلی مرتبہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس حلقے میں اصل مقابلہ ن لیگ اور عمران خان کے درمیان متوقع ہے۔