پاکستان
27 مارچ ، 2013

کوئٹہ : گرج چمک کے ساتھ بارش، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں

کوئٹہ : گرج چمک کے ساتھ بارش، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں

کوئٹہ … وادی کوئٹہ اور گرد ونواح میں گرج چمک کے ساتھ کئی گھنٹوں کی بارش کے باعث شہرکی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، جس سے شہریوں کے مسائل بھی بڑھ گئے۔ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ 21 مارچ کو شروع ہوا تھا جو کہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آج کی موسلادھار بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے، جس سے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور صفائی کے دعووٴں کا بھید کھل گیا، ہمیشہ کی طرح آج بھی جناح روڈ، پرنس روڈ، لیاقت بازار، انسکمب روڈ، زرغون روڈ، ہاکی چوک سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش کا پانی سیلاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ ہر طرف ٹریفک جام رہا، شہری گندے پانی میں سڑکیں عبور کرنے پر مجبور رہے اور نکاسی آب کا عملہ کہیں بھی نظر نہ آیا۔ اندرون بلوچستان میں زیارت، ژوب، چمن، قلعہ عبدا للہ، قلات، پشین، ہرنائی، سبی، مستونگ، مسلم باغ سمیت دیگر علاقوں میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اکثر مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، سرد ہوائیں چلنے سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :