27 مارچ ، 2013
اسلام آباد … آئندہ عام انتخابات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان، لشکر جھنگوی اور جنداللہ کے حملوں کا خطرہ ہے، دہشت گردی روکنے اور امن و امان کے قیام کیلئے وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن اور انٹیلی جنس اداروں کی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فوج کی تعیناتی کیلئے صوبوں سے مقامات کی فہرست مانگ لی گئی۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کر دی ہے اور ان خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات بھی تجویز کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان، لشکر جھنگوی اور جنداللہ، بلوچستان،خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں حملے کر سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن، ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کی مشترکا ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے اجلاس تسلسل کے ساتھ ہوں گے اور امن و امان سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر صدر اور نگراں وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق فوج کی تعیناتی کیلئے صوبوں سے شہروں اور مقامات کی فہرست بھی مانگ لی گئی ہے۔ وزارت داخلہ انتخابات کے موقع پر نگرانی کیلئے صوبوں کو 2 ،2 ہیلی کاپٹرز بھی فراہم کرے گی۔ صوبوں کی درخواست پر انتخابات کے روز موبائل سروس بند کرنے کیلئے وزارت داخلہ پی ٹی اے سے رابطہ کرے گی۔