پاکستان
28 مارچ ، 2013

کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کے چوتھے روز بھی خوب گہما گہمی

 کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کے چوتھے روز بھی خوب گہما گہمی

اسلام آباد…ملک بھر میں کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کے چوتھے روز بھی خوب گہما گہمی رہی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔11 مئی 2013 بروز ہفتہ قرار پائے عام انتخابات کے لئے پنجاب بھر میں ،بدھ کو بھی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرائے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے جام پور کے صوبائی حلقہ 247 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ملتان میں تحریک انصاف کے وائس چیر مین مخدوم شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے حلقہ این اے 148 سے الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ لودھراں میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین نے قومی اسمبلی کے حلقہ 154 لودھراں ون اور صوبائی حلقہ پی پی 210 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ سندھ بھر میں بھی کاغذات نامزدگی فارمز وصولنے اورجمع کرانے کی گہما گہمی رہی۔ پیپلزپارٹی کے اویس مظفرعرف ٹپی زرداری نے پی ایس 88 گھوڑاباری کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ سکھر کے حلقے پی ایس ون ،پی ایس ٹو اوراین اے 198 پر ایم کیوایم کے رہنماوٴں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ پی ایس ون پر خواجہ سرا صنم فقیر نے بھی آزادامیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ خیبرپختونخوا میں بھی مختلف جماعتوں کے امیدوار نامزدگی فارمز وصول اور جمع کراتے رہے۔سابق وزیراعلٰی خیبرپختون خوا امیرحیدرخان ہوتی نے مردان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 پر الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔سوات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 82 سے مسلم لیگ ن کے انجینئر امیر مقام نے کاغذات نامزدگی فارم حاصل کیے۔بلوچستان میں بھی کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کرانے کاسلسلہ جاری رہا۔ڈیرہ بگٹی میں جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ طلال بگٹی ، جبکہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی اورمیرفہد بگٹی نیآزاد امیدوارکی حیثیت سیکاغذات نامزدگی وصول کیے۔جعفر آباد میں این۔ اے 266 پر سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی ،سمیت کل36، امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ پی بی 25پر سابق وزیر اعلی جان محمد جمالی اور۔پی بی 28،پر پیپلز پارٹی کے میرمحمد صادق عمرانی سمیت 100، امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک101امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں جبکہ تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سابق کرکٹر اور ایم کیو ایم کے امیدوار سرفراز نواز اور مسلم لیگ ن کے امیدوار اشرف گجر بھی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے امیدوار ملک اورنگ زیب اعوان نے این اے48اور این اے 49 کیکاغذات نامزدگی جمع کرائے۔خیبر ایجنسی کے حلقہ این اے 45 سے آزاد امیدوار الحاج شاہ جی گل اور اے این پی کے امیدوار ملک دریا خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

مزید خبریں :