پاکستان
28 مارچ ، 2013

مختلف شہروں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن

 مختلف شہروں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن

کراچی…ملک کے مختلف شہروں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن ہے۔اب تک سیکڑوں امیدوار کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کراچکے ہیں جبکہ کئی ایسے بھی ہیں جنہوں نے ابھی تک کاغذات نامزدگی فارم وصول ہی نہیں کیئے۔ عام انتخابات کے لئے پنجاب میں گوجرانوالہ ،فیصل آباد ،جھنگ، چنیوٹ، سرگودھا، بہاولپور ،بہاول نگر، رحیم یارخان، ملتان ، لیہ ، لودھراں، خانیوال، وہاڑی، ساہیوال، چیچہ وطنی، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان سمیت تمام شہروں میں کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ میں حیدرآباد، سکھر، خیرپور، نواب شاہ، میرپورخاص، دادو، نوشہروفیروز، ٹھٹھہ اور بدین سمیت تمام شہروں کے الیکشن کمیشن دفاتر میں رش ہے۔ لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں قومی اسمبلی کی چار نشستوں کے لئے 60اور صوبائی اسمبلی کی آٹھ نشستوں کے لئے 150 سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی حاصل کیئے ہیں۔ یہاں اب تک پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے امیدواروں میں کسی کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔ جیکب آباد میں بھی قومی اسمبلی کی ایک، کشمور کی 2 اور شکار پور کی 2 نشستوں پر 111 اور تینوں اضلا ع سے صوبائی اسمبلی کی 10 نشستوں کے لئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے اہم امیدواروں سمیت 200 سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔ یہاں اب تک صرف مسلم لیگ فنکشنل کے غوث بخش مہر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔خیبرپختونخوا میں ہزارہ ،کوہاٹ اورمالاکنڈ ڈویژن سمیت نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، مردان اور قبائلی علاقوں میں انتخابی گہماگہمی عروج پر ہے۔ مختلف جماعتوں کے امیدوار انتخابات میں نامزدگی کیلئے فارمز وصول اور جمع کرارہے ہیں۔بلوچستان کے تمام شہروں میں بھی کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کیلئے الیکشن کمیشن دفاتر میں رش ہے۔

مزید خبریں :