28 مارچ ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے احکامات اور الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ترقیاتی فنڈز سے مبینہ فائدہ اٹھانے کیلئے اعلیٰ افسران کی تقرریاں اور تبادلے کردیئے گئے ہیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑادی ہیں۔چیئرمین این ایچ اے حامد خان نے من پسند افسران کو نوازتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود اعلیٰ افسران کی تقرریاں اور تبادلے کردیئے ہیں۔یہ تبادلے اور تقرریاں گریڈ،20، 18،19کے افسران کی گئی ہیں ،جن کانوٹیفکیشن 25مارچ کو جا ری ہوا ،جب ملک میں کوئی وزیراعظم تھانہ ہی این ایچ اے سے متعلق کوئی وفاقی وزیر بلکہ 21گریڈ کے چیئرمین نے ہی 20گریڈ کی تقرریاں اور تبادلے کردئیے ،ذرائع کے مطابق 21گریڈ کے چیئرمین 20گریڈ کے جنرل منیجر زکی تقرریاں اور تبادلے اعلیٰ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر نہیں کرسکتے،آفس آرڈر کے مطابق الیاس افضل خان کوجنرل منیجر این ایچ اے خیبر پختونخواتعینات کردیا گیا ہے،الیاس اظفر احسان کوجنرل منیجراین ایچ ایجنوبی پنجاب مقررکردیا گیا ہے،عبدالصمدکا جنرل منیجر آپریشن ہیڈ کوارٹرزاین ایچ اے تقررکیا گیاہے جبکہ فضل نواب خٹک جنرل منیجر ای-35این ایچ اے لگادیے گئے ہیں اور رشید میمن کوجنرل منیجر این ایچ اے سندھ تعینات کردیا گیاہے۔