28 مارچ ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کیلئے بہترین امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے۔ لاہور میں پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں دینے والے امیداروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ڈینگی فیور کے خاتمے اور کنٹرول کیلئے دن رات کام کرنے والے کارکنوں کا شکر گزار ہوں، انہیں پارٹی میں مقام دیا جائے گا، عام انتخابات کیلئے بہترین امیدواروں کو ٹکٹ دیں گے۔ صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے شہباز شریف اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسلم لیگ ن کے اعلامیہ کے مطابق امیداروں نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اعلان کیا ، کارکنوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔ مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت میں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس لاہور میں جاری ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے امیدوراوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے والے اجلاس میں شہباز شریف ، اقبال ظفر جھگڑا ، خواجہ سعد رفیق ، مشاہداللہ خان ، پرویز رشید، بیگم عشرت اشرف، خواجہ آصف اور دیگر رہنماوٴں شریک ہیں۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا فیصلہ کیا جارہا ہے جبکہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود ہیں ۔