پاکستان
01 اپریل ، 2013

189 ارکان پارلیمنٹ کو 5 اپریل تک ڈگریوں کی تصدیق کرانیکا حکم

 189 ارکان پارلیمنٹ کو 5 اپریل تک ڈگریوں کی تصدیق کرانیکا حکم

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے 189 ارکان پارلیمنٹ کو 5 اپریل تک ڈگریوں کی تصدیق کرانے کا حکم دے دیا ہے ، چیف جسٹس کا کہناہے کہ جعلی ڈگری والوں کی نہیں ، عوام کی حقیقی نمایندگی چاہیے ۔189سابق ارکان پارلیمنٹ کو بھی ڈگری کی تصدیق کرانا پڑے گی ، سپریم کورٹ نے حکم جاری کردیاہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن 189 ارکان کو ڈگریوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کر ے،اور غلط بیانی کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، امیدوار کاغذات نامزدگی میں درست معلومات فراہم کرنے کے پابند ہیں، جعلی ڈگری معاملے پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دیے کہ امیدواروں کی بے رحم اسکروٹنی ضروری ہے، الیکشن کمیشن کو اختیار ہے کہ وہ غلط بیانی کرنیوالے کو نااہل قرار دے اور ایک مرتبہ کی نااہلیت ہمیشہ کی نااہلی ہوتی ہے ،چیئرمین ہائیر ایجوکیشن جاوید لغاری نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 54ارکان پارلیمنٹ کی جعلی ڈگریوں کے باجود کوئی کارروائی نہیں کی ، سال 2010 سے ڈگریوں کی تصدیق کا عمل چل رہاہے ، الیکشن کمیشن نے 60 سے 70 فی صد ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کیلیے فوٹوکاپیاں بھجوائیں ، 189 ارکان پارلیمنٹ کی دستاویزات ابھی تک نامکمل ہیں چیف جسٹس نے کہا کہ انتخابات کیلیے ڈگری کی شرط ختم ہونے کے بعد بھی جعلی ڈگری جمع اور غلط بیانی نہیں کی جا سکتی، غلط بیانی کرنے والا آرٹیکل 62 کے تحت نااہل ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے 27 مقدمات بند کرنے کی تفصیلات جمع کرائیں، جس کے مطابق 28 فروری کو الیکشن کمیشن کے دفتر میں اجلاس ہوا، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت فاروق ایچ نائیک نے کی جس میں طے ہو اکہ صرف ان ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جن کی جعلی ڈگری کے بارے میں ثبوت فراہم کیے گئے ہوں عدالت نے حکم دیا کہ ستائس ارکان پارلیمنٹ جن کے کیسز بند کیے گئے انہیں بھی دوبارہ نوٹس جاری کیا جائے،کیس کی مزید سماعت 8اپریل کو ہوگی۔

مزید خبریں :