01 اپریل ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا ہے،متحدہ کے راہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت عوام کو بااختیاربنانے میں ہے، عوام کو بااختیاربنایا جائے گا جبکہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی زرعی آمدنی پر ٹیکس لگایا جائے گا۔ان کہنا ہے کہ پانچ سال میں جمہوریت قائم رہی، مگر نچلی سطح تک جمہوریت نہیں پہنچی،صوبوں کو کچھ حدتک صوبائی خودمختاری دی گئی تاہم عوام کے حالات زندگی تبدیل نہیں ہوئے۔ بلدیاتی انتخابات منشور کا اہم حصہ ہے، ہمیں اپنے بچوں کو صرف کلرک نہیں بنانا اس لئے مدارس کو قومی سطح پر تعلیمی اداروں کی صف میں لایا جائے گا،سرکاری اسکولوں کو اپ گریڈ کرکے دہرا تعلیمی نظام ختم کرینگے،اردومیڈیم سرکاری تعلیمی اداروں کو انگریزی تعلیمی اداروں کی سطح پرلائینگے اور لائبریریوں کو فروغ دیا جا ئے گا ، تعلیم میں اساتذہ کی تربیت پرخصوصی دھیان دیا جائے گا۔ ایم کیو ایم لوگوں کو صحت کا بنیادی حق بھی فراہم کرے گی جبکہ سماجی اور معاشرتی ترقی پر خصوصی دھیان دیا جائے گا۔پی آئی اے، ریلوے ،پاکستان اسٹیل سمیت تمام اداروں کو مستحکم کرینگے، اور ان اداروں میں ایماندار لوگ تعینات کیے جائیں گے۔