02 اپریل ، 2013
اسلام آباد …الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا عمل 10 اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر ڈالنے کا جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے۔الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دو دن کے دوران گیارہ سو سے زیادہ کاغذات نامزدگی اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔جبکہ 13ہزار سے زیادہ کاغذات نامزدگی ابھی اپ لوڈ کیا جانا باقی ہے۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر ڈالے جانے کے بعد سے دو دن کے دوران ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ لوگوں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ دیکھی۔ویب سائٹ پر زیادہ لوڈ پڑا جس کے باعث کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ابتدائی طور پر ویب سائٹ پر امیدواروں کے فارم غلط حلقوں میں ڈال دئے گئے۔جس کے باعث عوام کو امیدواروں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم بعد میں اس غلطی کا ازالہ کردیا گیا۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق باقی کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے جائیں گے۔تاہم جانچ پڑتال کا وقت 7 اپریل کو ختم ہوجائے گا۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر ڈالنے کا جانچ پڑتال کے عمل سے کوئی تعلق نہیں۔یہ صرف اس لئے ویب سائٹ پر ڈالے جارہے ہیں کہ عوام اپنے امیدواروں کی فراہم کردہ معلومات کوجان سکیں۔ذرائع کے مطابق افرادی قوت کی کمی جبکہ سکینگ کے لئے جدید آلات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے کہا ہے کہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں دی جانے والی معلومات مکمل طور پر عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔انہوں نے کہا تمام ریٹرننگ افسران کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام درخواست گزاروں کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی کاپی دیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو امیدواروں پر اعتراضات ہوتو وہ تحریری طور پر ریٹرننگ افسران کو آگاہ کریں۔