پاکستان
05 مارچ ، 2012

براہمداغ کو پاکستان کی درخواست پر افغانستان سے بھیجا گیا،رحمن ملک

براہمداغ کو پاکستان کی درخواست پر افغانستان سے بھیجا گیا،رحمن ملک

اسلام آباد… وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی گرفتاری کے لئے انٹر پول کو درخواست بھیج دی گئی ہے،ان کا کہنا ہے کہ کرزئی حکومت نے براہمداغ بگٹی کوپاکستان کی درخواست پر افغانستان سے باہربھجوا دیا جس کے بعد تربیتی سرگرمیاں کم ہوگئی ہیں،،وزیر داخلہ نے نیشنل پریس اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ بلوچ رہنما واپس آئیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا، بلوچ رہنماوں کے سیاسی مقدمات معاف کئے جائیں گے تاہم ذاتی مقدمات کا انہیں سامنا کرنا پڑے گا،ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقدمات کی واپسی کے لئے چیف سیکریٹری نے کمشنرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کی تعداد 48 ہے، لاپتہ افراد کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،وہ ملک بھر کے لاپتہ افراد کے بارے میں تفصیلات جلد سامنے لائیں گے،انہوں نے کہا کہ براہمداغ بگٹی کی کابل موجودگی کے دوران وہاں تربیتی کیمپس میں 5 ہزار سے زائد افراد تربیت حاصل کررہے تھے،پاکستان کی درخواست پر براہمداغ بگٹی کو وہاں سے بھیجے جانے کے بعد تربیتی کیمپس میں کمی آئی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی امریکی بغیر ویزے کے پاکستان نہیں آیا،اور ویزوں میں توسیع بھی وزارت داخلہ متعلقہ ایجنسی سے کلیرنس کے بغیر نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیش گوئی کی تھی کہ سینیٹ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے یہ بات درست ثابت ہوئی اور اب ان کی پیش گوئی ہے کہ آئندہ پانچ سال بھی پیپلز پارٹی ہی کی حکومت ہوگی۔

مزید خبریں :