05 مارچ ، 2012
گلگت… سانحہ کوہستان کے بعد کشیدہ صورتحال کے تحت 7 روز تک سرکاری سطح پر بند رہنے کے بعد گلگت میں آج تمام سرکاری دفاتر اور اسکولز کھول دیئے گئے ہیں، تاہم حاضری نہ ہونے کے برابر ہے، 28 فروری کو کوہستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں 16 افراد کو قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی کشیدہ تھی، صوبائی حکومت کی جانب سے 4 مارچ تک تمام سرکاری دفاتر اور اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، آج جبکہ یہ ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے تو سرکاری دفاتر اور اسکولز کھل گئے ہیں تاہم مختلف علاقوں میں اب بھی کشیدہ ہونے کی وجہ سے حاضریاں نہ ہونے کے برابر ہیں، سانحہ کوہستان کے خلاف گزشتہ روز گلگت سے شروٹ جانیوالی انجمن امامیہ کی ریلی پر فائرنگ کے واقعات کے بعد لگایا جانیوالا کرفیو بھی اٹھا لیا گیا ہے، مختلف مقامات پر رینجرز ، پولیس اور اسکاوٴٹس کے دستے تعینات ہیں، شہر کے کشیدہ حالات سے فائدہ اٹھا کر نامعلوم چور پی آئی اے لنک روڈ کی 12 دوکانوں کا صفایا بھی کرگئے۔