09 اپریل ، 2013
کراچی …الیکشن ٹریبونل سندھ میں پیپلزپارٹی کے رہنماء مخدوم امین فہیم اور ملک اسد سکندر کے کاغذات منظورہونے کے خلاف اپیلیں دائر کردی گئیں۔مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماء حاجی عبدالرزاق نے مخدوم امین فہیم کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ مخدوم امین فہیم این آئی سی ایل کرپشن میں ملوث ہیں ،جبکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو اپنے دبئی کے اثاثے ظاہر نہیں کئے۔مسلم لیگ ن کے رکن ملک وحید نے این اے 231 سے ملک اسد سکندر کے کاغذات منظور ہونے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک اسد سکندرکی تعلیمی اسناد کو جانچا جائے ۔ملک اسد سکندر کے شناختی کارڈ اور تعلیمی سند میں تاریخ پیدائش مختلف ہے۔الیکشن ٹریبونل میں امداد پتافی، سلمان عبداللہ مراد، راجہ عارف سلطان، بندیا رانا، دوست علی چانڈیو سمیت 32 افراد نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کردی ہیں۔