13 اپریل ، 2013
کراچی…کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ رک سکی ،مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت چھ افراد کو قتل کردیا۔ دوسری جانب سے بولٹن مارکیٹ میں پھینکا گیا دستی بم پھٹ نہ سکا۔ پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے میٹرول تھری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے موبائل کی دکان پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد با پ بیٹے ہیں۔ مقتولین کی شناخت کلب عباس اور مسرت عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ شاہ فیصل کالونی نمبر پانچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کاشف قادری نامی شخص کو قتل کردیا۔ ترجمان سنی تحریک کے مطابق مقتول ان کا کارکن تھا۔ ماری پورمشرف کالونی اور پورٹ قاسم عبداللہ گوٹھ میں دو افراد کو قتل کردیا گیا۔ گلشن حدید لنک روڈ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔دوسری جانب بولٹن مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی جانب سے پھینکا جانے والا دستی بم پھٹ نہیں سکا۔ پولیس کے مطابق، دستی بم کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکورڈ طلب کو بھی طلب کیا گیا۔