13 اپریل ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں شدت پسند دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات 2013ء پرامن ،محفوظ کو آزاد اورصاف و شفاف بنانے کیلئے شہر کراچی میں انتہاء پسنداور جرائم پیشہ دہشت گردوں کو لگام دی جائے اور ان کی کمین گاہوں کا خاتمہ کیاجائے ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیاں تسلسل کے ساتھ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں نمایاں طور پر شائع ہورہی ہیں تاہم یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا کراچی کے پرامن علاقوں کے محاصرے کرکے ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے مار کارروائیاں اور گرفتاریاں کررہے ہیں ،رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب سے مطالبہ کیا کہ ملک کے استحکام اور آزاد عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے دہشت گردی ملوث کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور عوام کو پرامن اور آزاد انتخابی ماحول فراہم کیاجائے ۔