13 اپریل ، 2013
لاہور…تین جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں ناکامی کے بعد جماعت اسلامی نے اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔امیر جماعت اسلامی منور حسن کا کہنا ہے کہ کچھ قوتیں انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں تاہم الیکشن کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہو گا۔ منصور ہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منور حسن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، لاپتہ افراد کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ حالات درست کرنے کیلئے حکومت کو تمام اقدامات کرنے چاہئیں لوگوں میں اس اعتماد کو بڑھائیں کہ انتخابات پرامن طریقے سے شفاف پیرائے میں ہو سکیں گے۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے اور فاٹا میں بھی حالات خراب ہیں شمالی علاقہ جات میں حالات کسی کے قابو میں نہیں۔ منو رحسن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور جے یو آئی ف سے بات چیت ہوئی تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔