06 مارچ ، 2012
واشنگٹن. . . . .. . امریکا اور افغانستان کے درمیان طویل المدت اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدے پر بات چیت جمود کا شکار ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق امریکا اور افغانستان کے درمیان طویل المدت اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدے کے لیے تقریباّ ایک سال بات چیت جاری ہے،تاہم 2014کے بعد افغانستان میں امریکا کے کردار پر اختلافات دور کرنے کے لیے مذاکرات پیر کو شکوک وشبہات کا شکار ہو گئے۔ افغان حکومت نے معاہدے پر دستخط کے لیے شرط رکھی ہے کہ امریکا اور نیٹو فورسز رات کے وقت افغان شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کریں اور حراستی مراکز کا کنٹرول دینے کا وقت متعین کیا جائے۔افغان وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بات چیت میں تعطل سے اسٹریٹجک پارٹنر شپ خطرات سے دوچار ہوسکتی ہے۔