18 اپریل ، 2013
اسلام آباد … آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف فرار نہیں ہوئے، سپریم کورٹ اگر گرفتاری کے احکامات جاری کرے گی تو پرویز مشرف کل گرفتاری دے دیں گے، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے پرویزمشرف سرکاری سیکیورٹی میں عدالت گئے اور سرکاری سیکیورٹی میں واپس آئے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر امجد نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پرویزمشرف نے ججوں کی برطرفی کا کوئی حکم نہیں دیا تھا، ہمارے وکلاء نے ثابت کیا ہے کہ پرویز مشرف پر ججوں کی نظر بندی کا الزام غلط ہے، فاضل جج نے اچانک ہی دہشت گردی کی شق لگا کر بیل مسترد کردی ، جس پر پرویز مشرف کو افسوس ہوا ہے، ججز نظر بند نہیں تھے اور وہ گھر سے باہر نکل سکتے تھے۔ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ کسی نے بھی پرویزمشرف کو گرفتار کرنے کی کوشش نہیں کی، انہوں نے راولپنڈی وکلاء کو سپریم کورٹ کی ٹرپل ون بریگیڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پرویز مشرف پر حملہ کرنا چاہتے تھے ،اس لئے وہاں کھڑے نہیں ہوئے، اس وقت تک پرویز مشرف کے گھر کو سب جیل قرار نہیں دیا گیا، پرویز مشرف فرار نہیں ہوئے وہ اپنے گھر میں ہیں۔ ڈاکٹر امجد نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست جمع کرائی تھی، ضمانت کی درخواست کے ساتھ فیصلے کی کاپی لگانے کی ہدایت کی تھی، اگر پرویز مشرف کے گھر کو سب جیل قرار دیا گیا تو ضمانت قبل از گرفتاری کے بجائے ضمانت کی درخواست کریں گے۔