18 اپریل ، 2013
اسلام آباد … سابق وزارئے اعظم راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں ایسی کوئی سیاسی پارٹی نہیں جو گزشتہ 5 سال کے دوران اقتدار میں نہ رہی ہو، لیکن توپوں کا رخ صرف پیپلز پارٹی کی طرف ہے، بی بی کے قاتل گرفتار ہو چکے، نام اور تعداد بتانا وزیر داخلہ کا کام ہے، انتخابات صاف و شفاف اور وقت پر ہونے چاہئیں۔ زرداری ہاوٴس اسلام آباد میں اسلامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری علامہ عارف حسین نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی، دونوں سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے بعد میں دونوں سابق وزارئے اعظم کو میڈیا کے تند و تیز سوالات کا سامنا رہا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ” ایسی کوئی عدالت نہیں جہاں سے کوئی فیصلہ ہوا ہو، کسی عدالت میں مقدمہ نہیں چلا،، کوئی ریفرنس نہیں جہاں سے مجھے مجرم قرار دیا گیا۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کرنے کا سوال نو کمنٹس کرکے گول کردیا تاہم کہا کہ پچھلے 5 سال سبھی سیاسی جماعتیں حکومت کا حصہ رہیں، ” نون والے، قاف والے، جے یو آئی جے، سب اقتدا ر میں رہے اور تحریک انصاف میں بھی ایسے لوگ ہیں جو اقتدار میں رہے تاہم تمام توپوں کا رخ ہمیشہ پیپلزپارٹی کی طرف رہا۔ دونوں وزرائے اعظم نے الیکشن بروقت کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ الیکشن میں ایک دن بھی تاخیر نہیں ہونی چاہئے، بے نظیر بھٹو کے قاتل گرفتار ہوچکے ہیں تاہم ان کے نام اور تعداد بتانا وفاقی وزیر داخلہ کا کام ہے۔