18 اپریل ، 2013
پشاور…سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیر پاو نے کہا ہے کہ الیکشن کے التوا کے حق میں نہیں۔حالات جیسے بھی ہوں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی دوسری سیاسی جماعت کو انتخابات کا بائی کاٹ کرنا چاہئے ۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں آفتاب احمد خان شیر پاو کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی لانے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔اور اگر الیکشن ایک دن بھی ملتوی ہوئے تو یہ ملک کے مفاد میں نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ خطرات سب کو ہیں لیکن حالات جیسے بھی ہوں کسی سیاسی پارٹی کو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہئے ۔ آفتاب شیرپاوٴ نے کہا کہ سابق حکومت نے پانچ سالہ دور میں بے تحاشہ کرپشن کی اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا ۔ جس کی وجہ قوم آج مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس کو ووٹ دیں گے۔سابق صدر پرویز مشروف کی گرفتاری کے عدالتی فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلوں کا احترام اوراس پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔