22 اپریل ، 2013
اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان، جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شریک کیا جانا چاہیے، الیکشن کمیشن طریقہ کار کو سادہ اور ثمر آور بنائے۔ سپریم کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے آرڈیننس کا مسودہ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزارت قانون کے سپر د کردیاگیا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اس عمل کے لیے طویل وقت درکار ہے، کیا دنیا میں بیرون ممالک مقیم لوگوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی ہوتی ہے؟یہ آرڈیننس بنوا کر اپنے لیے اورمسائل پیدا کریں گے۔الیکشن کمیشن نے تجویز پیش کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو انتخابات سے تین روز پہلے ووٹ دینے کا حق دیا جائے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا اس سے انتخابات میں دھاندلی کا راستہ بنانا چاہتے ہیں ؟۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے وزارت خارجہ سے مشاورت کے بعد اب تک ہونے والی پیش رفت پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ کیس کی مزید سماعت 24 اپریل کو کی جائے گی۔