پاکستان
22 اپریل ، 2013

سردار خان قتل کیس: ملزم پولیس کی ملی بھگت سے فرارہوا ،آئی جی کا اعتراف

اسلام آباد…آئی جی پولیس اسلام آباد نے سپریم کورٹ میں اعتراف کیاہے کہ سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کے ملزم روح اللہ کو نہ صرف پولیس کی ملی بھگت سے فرار کرایا گیا بلکہ اس میں رقم کا بھی عمل دخل تھا۔ عدالت نے کہا ہے کہ پولیس نے ایک ہفتے میں پیش رفت نہ کی تو سخت احکامات جاری کیے جائیں گے۔ سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کی۔آئی جی پولیس اسلام آباد بنی امین کا کہنا تھا کہ ملزم روح اللہ کو اب تک گرفتارنہیں کیا جاسکا مگرپولیس درست سمت میں کام کررہی ہے۔ ملزم افغانستان میں جس شخص کی پناہ میں ہے اس کی نشاندہی ہوگئی ہے، سیکریٹری خارجہ اور افغانستان میں متعین پاکستانی سفیر سے بات ہوئی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملزم روح اللہ کو ملی بھگت سے فرار کرایا گیا اور پولیس گرفتاری میں ناکام رہی ہے ،متعلقہ پولیس افسروں کو معطل کیا جائے گا تو معاملہ خود ہی حل ہوجائے گا۔ آئی جی پولیس اسلام آباد نے اعتراف کیا کہ ملزم کو نہ صرف ملی بھگت اور باقاعدہ منصوبہ بندی سے فرار کرایا گیا بلکہ اس میں رقم کا بھی عمل دخل تھا،ذمہ دار پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔۔سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں کیس میں پیش رفت نہ ہوئی تو عدالت سخت احکامات جاری کرے گی۔مقدمہ کی مزید سماعت 30اپریل کو کی جائے گی۔

مزید خبریں :