23 اپریل ، 2013
اسلام آباد…پولیس نے پرویز مشرف فرار کیس میں ڈی ایس پی سیکرٹریٹ ادریس راٹھور اور ایس ایچ او سیکرٹریٹ قیصر گیلانی کوذمہ دار ٹھہرا دیا، وزیر داخلہ نے ڈی ایس پی سیکرٹریٹ کو معطل کر دیا۔اے آئی جی آپریشنزسلطان تیموری نے پرویز مشرف فرار کیس کی انکوائری رپورٹ تیار کی جسے آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیا گیا ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایس پی سیکرٹریٹ ادریس راٹھور اور ایس ایچ او سیکرٹریٹ قیصر گیلانی پرویز مشرف کے فرار کے ذمہ دار ہیں، قیصر گیلانی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔رپورٹ میں ایس ایس پی آپریشنز یاسین فاروق اور ایس پی سٹی کیپٹن الیاس کو بری الذمہ قرار دے دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یاسین فاروق نے پرویز مشرف کی گرفتاری کا حکم دے دیا تھا ،ڈی ایس پی سیکرٹریٹ نے اضافی نفری تعینات نہیں کی ، ایس پی سٹی کیپٹن الیاس دو روزہ کورس پر تھے۔