پاکستان
23 اپریل ، 2013

دہشتگردوں کے حملے :متحدہ کے انتخابی دفاتر فی الحال بند کردیئے جائیں، الطاف حسین

دہشتگردوں کے حملے :متحدہ کے انتخابی دفاتر فی الحال بند کردیئے جائیں، الطاف حسین

لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشتگردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیو ایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔پیپلز چورنگی پر پارٹی کے الیکشن آفس پر دھماکے کے نتیجے میں دو کارکنان کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے اسکی شدید مذمت کی ہے۔ دہشت گردی کے واقعات اورحملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے ؟۔ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت وجرات کرسکتا ہے ؟ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے الطاف حسین کا سوال کرتے ہوئے انھوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو پارٹی کے تمام انتخابی دفاتر کو دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر فی الحال فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔اور کہا ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ایم کیوایم کے کارکنان پر دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے۔ دریں اثناء الطاف حسین نے پیپلزچورنگی میں واقع کیفے پیالہ کے قریب ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے حملے میں ایم کیوایم کے متعددذمہ داران وکارکنان کے شہیدو زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انھوں نے نگراں حکومت اورچیف الیکشن کمیشنرآف پاکستان فخرالدین جی ابراہیم کی توجہ تواتر کے ساتھ ایم کیوایم کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور ان پر مسلح دہشت گردوں کے حملوں پر دلاتے ہوئے کہاکہ امن وامان قائم رکھنا الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن گزشتہ چند روز میں ایم کیوایم کے ایک نامزد امیدوار سمیت 25 سے زائد ذمہ داران اورکارکنان دہشت گردحملوں میں شہید کئے جاچکے ہیں۔ الطاف حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت سے سوال کیا کہ روزانہ ہونے والے ان دہشت گردی کے واقعات اورحملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے ؟اور ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت وجرات کرسکتا ہے ؟ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم باربار اس بات کی نشاندہی کرچکی ہے کہ ایم کیوایم ، اے این پی اور پی پی پی کو انتخابی عمل سے دوررکھنے کیلئے دہشت گردعناصر کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ایم کیوایم کے باربار توجہ دلانے اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات کے باوجود ابھی تک امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیار نہیں کیا گیا ہے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیوایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کردیا جائے اور اس فیصلے کی تحریری اطلاع دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات کے ساتھ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیج دی جائے۔الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ حملے میں زخمی ہونے والے کارکنان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں۔دریں اثناء ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹینے پیپلزچورنگی کے قریب ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر ہونے والے بم دھماکے میں متعدد کارکنان کے شدید زخمی ہونے اور دوکارکنوں کے شہید ہونیپر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا اور اس واقعے کی مذمت کی ہے۔رابطہ کمیٹی نے شہید کارکنان کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو صبر جمیل عطا کرے،اور زخمی ہونے والے کارکنان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس قسم کے بزدلانہ حملے ایم کیوایم کو اپنے مشن ومقصد پر آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔

مزید خبریں :