24 اپریل ، 2013
لاڑکانہ…لاڑکانہ میں تباہ ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے۔گھروں میں گیس نہ آنے کے سبب ہوٹلوں اور تندوروں پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔سوئی گیس حکام کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے رشید وگن کے قریب نامعلوم افرادنے24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو بارودی مواد سے تباہ کردیا۔ دھماکے سے پائپ لائن کے 20 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔ جس سے رتوڈیرو، شہداد کوٹ، قمبر ، لاڑکانہ اور میہڑ سمیت مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ گھروں میں گیس نہ آنے کے سبب شہریوں نے ہوٹلوں اور تندوروں کا رخ کرلیا۔ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹلوں اور تندور مالکان نے بھی چائے اور روٹی کے نرخ بڑھادیے ہیں۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ پائپ لائن کی مرمت جاری ہے۔ جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں رات گئے تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔