پاکستان
24 اپریل ، 2013

کراچی بم دھماکے کیخلاف سندھ بھر میں ایم کیو ایم کی اپیل پریوم سوگ

کراچی بم دھماکے کیخلاف سندھ بھر میں ایم کیو ایم کی اپیل پریوم سوگ

کراچی/حیدرآباد…کراچی کے علاقے پیپلزچورنگی پر بم دھماکے کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں ایم کیو ایم کی اپیل پر یوم سوگ منایا گیا۔ کاروباری مراکز،دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے,،مختلف شہروں میں قرآن خوانی کے اجتماعات ہوئے۔گزشتہ رات نارتھ ناظم آبادمیں پیپلزچورنگی کے قریب متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابی دفتر پر بم دھماکے کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھرمیں یوم سوگ منایا گیا۔ کراچی میں تعلیمی ادارے،چھوٹے بڑے کاروباری مراکز،پبلک ٹرانسپورٹ،سی این جی اسٹیشنز اور پٹرول پمپس بند رہے۔ تاہم آل کراچی تاجراتحاد اور ٹرانسپورٹ اتحاد کے اعلان کے بعد شام سے دکانیں اورتجارتی مراکزکھلنا شروع ہوگئے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں پرآگئی۔ سندھ کے دیگرکئی شہروں میں کاروباری مراکز،دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے،حیدرآباد میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور تعلیمی ادارے بند اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔زونل آفس میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لطیف آباد اورملحقہ علاقوں میں نامعلوم افراد نے ٹائر جلا کرمرکزی سڑک بند کردی،سکھر میں بھی ایم کیوایم کے کارکنوں کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی اور معمولات زندگی معطل رہے۔ٹنڈو جام ،نوابشاہ، میر پور خاص سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی سوگ کے موقع پر کاروباری مراکز بند اور سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی۔

مزید خبریں :