24 اپریل ، 2013
لاہور…نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مسائل کا سامنا ہے اس سلسلے میں ریلیف کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران قومی مسئلہ ہے اور اُسے قومی سوچ سے ہی حل کیا جا سکتا ہے لوڈشیڈنگ کا بوجھ مل بانٹ کر برداشت کرنا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے امن و امان کی صورت حال کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انتخابات قومی ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن نبھائیں گے۔