24 اپریل ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان میں چوتھے روز بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا، ندی نالوں میں طغیانی آجانے سے اہم شاہریں ٹریفک کے لیے بدستور بند ہیں۔ آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔گرجتے برستے بادلوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔آج چوتھے روز بھی کوئٹہ، چمن ،پشین ، زیارت، لورالائی، ہرنائی اور ڑوب میں بارشیں جہاں کاشتکاروں کے لیے رحمت ثابت ہوئیں وہیں ژالہ باری نے وادی زیارت میں چیری جبکہ چمن کے علاقے توبہ اچکزئی میں سیب انگور اور خوبانی کے باغات کو شدید نقصان پہنچایا ہے ، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث اہم شاہراہیں بھی بند ہیں۔مظفر آباد ، دیربالا اور چترال میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، کرک اور گردو نواح میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔دوسری جانب سندھ اور پنجاب میں گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔تاہم بدھ کے روز بدین کے شہر ملکانی میں بارش اور کراچی میں موسم ابر آلود رہنے سے گرمی کا زور کچھ کم ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ،پشاور،کوہاٹ،ڈویڑنوں،ملتان،ڈی جی خان،سکھر،لاڑکانہ،مکران ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔