24 اپریل ، 2013
کراچی … ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر کا کہنا ہے کہ حکومت کے آگے دہشت گردی نہیں ٹھہر سکتی، رینجرز نے کراچی شہر میں دہشت گردی کے کئی واقعات ہونے سے قبل روکے۔ جیو نیوز کے پروگرام آج کامران خان میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری، کیس کا چلانا اور سزائیں ملنا بہت اہم ہے، دہشت گردی اور بھتا خوری بڑے مسئلے ہیں، کراچی میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں ہم آپریشن نہ کرسکتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوگو ایریاز کا معاملہ ایک 2 دن میں حل نہیں ہوگا، پاک فوج کیلئے کراچی شہ رگ ہے۔ میجر جنرل رضوان اختر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے کئی واقعات کو نہیں ہونے دیا، پولیس، رینجرز، آئی ایس آئی اور ایم آئی مل کر کام کررہی ہیں، حکومت کے آگے دہشت گردی ٹھہر نہیں سکتی۔