24 اپریل ، 2013
نئی دہلی …بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے، خوشی ہے کہ پاکستانی الیکشن میں بھارت مخالف زبان استعمال نہیں کی جارہی، فوج کے مقابلے میں جمہوری حکومت کے ساتھ بہتر تعلقات رکھے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے یہ بات وائس آف امریکا کو انٹرویو میں کہی۔ وائس آف امریکا سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ اس بار پاکستان میں انتخابی مہم کے دوران وہاں کے اپنے مسائل پر بات کی جارہی ہے۔ بھارت مخالف زبان استعمال نہیں کی جارہی یہ بات قابل اطمینان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے رویہ میں تبدیلی آئی ہے اورامن کی خواہش وسیع ہوئی ہے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت کو آئندہ پاکستانی حکومت کے جمہوری ہونے اور 5 برس مکمل کرنے کی بھی امید ہے۔ بھارت اگلی پاکستانی حکومت کے ساتھ بھی اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ فوجی حکومت سے بہتر تعلقات کے امکانات کم ہوتے ہیں۔