پاکستان
30 اپریل ، 2013

آل پارٹیز کانفرنس :17جماعتوں کا فوج کی زیر نگرانی الیکشن کا مطالبہ

آل پارٹیز کانفرنس :17جماعتوں کا فوج کی زیر نگرانی الیکشن کا مطالبہ

کراچی…نگراں سندھ حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس میں 17 جماعتوں نے فوج کی نگرانی میں الیکشن کی دستاویز پر دستخط کردیئے ہیں، پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم نے الیکشن میں فوج کی موجودگی کا مطالبہ نہیں کیا جبکہ فوج بلانے کے مطالبے پراے این پی ”کبھی ہاں اورکبھی ناں“کی پوزیشن میں ہے۔آل پارٹیز کانفرنس میں 22 جماعتوں کے رہنماوٴں نے شرکت کی۔کانفرنس میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے 18 نکاتی انتخابی ضابطہ پر عمل درآمد کی درخواست کی گئی۔ سیاسی رہنماؤں نے انتخابی مہم کے دوران سیکیورٹی خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا جبکہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سیکیورٹی سے متعلق رینجرز اور پولیس سے تعاون کااظہار کیا۔آل پارٹیز کانفرنس میں 17 جماعتوں نے سندھ میں فوج کی نگرانی میں انتخابات کرانے کے مطالبے پر دستخط کئے،تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کا کہنا تھاکہ صرف حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی جا سکتی ہیں جو10 سے 15 فیصد ہوں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ شفاف الیکشن چاہتے ہیں لیکن یہاں انتخابی مہم شفاف نہیں تو انتخابات کیسے شفاف ہونگے۔اے این پی کے رہنما الطاف خان نے فوج بلانے کی دستاویز پر دستخط کیے لیکن اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان نے اس سے انکار کردیا۔جن جماعتوں نے حمایت کی ہے ان میں جماعت اسلامی،مسلم لیگ ن ،مسلم لیگ (ق)،مسلم لیگ فنکشنل ،تحریک انصاف،پختون خواہ ملی عومی پارٹی،سنی اتحاد کونسل،سنی تحریک،آل پاکستان مسلم لیگ،جمیعت علمائے پاکستان،سندھ یونائیٹڈ پارٹٰی،مجلس وحدت المسلمین،پی ایم ایل قیوم اور دیگر شامل ہیں۔سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ ہرپولنگ بوتھ پرفوجی جوان تعینات کیا جائے۔

مزید خبریں :