پاکستان
30 اپریل ، 2013

سندھ حکومت کی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی درخواست

سندھ حکومت کی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی درخواست

کراچی …سندھ کی نگراں حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرانتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کی درخواست کردی ہے،ہر پانچ پولنگ اسٹیشن پر اسٹرائیکنگ فورس ہوگی جبکہ کراچی کے تمام اور اندرون سندھ کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ جیو نیوز کے طارق معین صدیقی کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس میں بائیس جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی ، تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیکیورٹی پر تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔اے پی سی کے بعد نگراں وزیراطلاعات سندھ نورالہدیٰ شاہ نے چیف سیکریٹری چوہدری اعجاز اور آئی جی سندھ شاہد ندیم کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ تمام فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں، تین زاویوں سے سیکیورٹی کی منصوبہ بندی کی ہے، ہرپانچ پولنگ اسٹیشنوں کے لئے اسٹرائیکنگ فورس تیار کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی 28اپریل کی تحریری درخواست پر الیکشن کمیشن نے بھی فوج بلانے سے متعلق خط لکھ دیا ہے اورآرٹیکل 245 کے تحت سندھ خصوصاً کراچی میں فوج موجود ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر پریذائڈ نگ افسربھی فوج بلا سکے گا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ دنوں بم دھماکوں کی تفتیش میں کسی حد تک کامیابی ہو ئی ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ سندھ بھر میں 5ہزار506 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں جہاں رینجرز اورفوج تعینات کی جائے گی۔کراچی کے تمام اور سندھ کے انتہائی حسا س پولنگ اسٹیشنوں کی ویڈیو ریکارڈنگ اور فوج کی تعیناتی کی جائے گی۔

مزید خبریں :