پاکستان
01 مئی ، 2013

مقتدر قوتیں بلوچستان کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں، عبدالغفور حیدری

مقتدر قوتیں بلوچستان کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کریں، عبدالغفور حیدری

کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکریٹری جنر ل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ ملک میں پر امن انتخابات کا انعقاد کروانا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے وہ اس کو پورا کرے، مقتدر قوتیں بلوچستان کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں نے صوبے کے عوام کو محض لسانیت کے سوا کچھ نہیں دیا اور عوام ابھی تک زندگی کی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں، قوم پرست جماعتوں کے پاس ملک گیر انتظام چلانے کیلئے کوئی ایسا واضح منشور نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اس ملک میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جنریلی پارٹی نے اقتدار کے ذریعے وقت گزارا ہے لیکن ان کے دور اقتدار نے عوام کو کچھ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام کی ضروریات کیلئے اسلامی نظام کی ضرورت ہے جو ہماری جماعت کی بنیاد اور اساس ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ناراض بلوچوں کو ملک دشمن کہنے کی بجائے مقتدر قوتیں ان سے بات کریں اور ان کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ اس موقع پر این اے 268 قلات کی نشست پر کھڑے ہونے والے آزاد امیدوار میر حیدر نے جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اور پی بی 36 ون پر مولانا عطاء اللہ کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

مزید خبریں :