01 مئی ، 2013
اسلام آباد … اسلام آباد میں 2 روزہ جشن ادب اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے۔ دارالاقتدار کی فضاوٴں میں ادب کی باد نسیم کچھ اس دھج سے پھیلی کہ ہر عمر اور طبقہ فکر کے لوگ ادبی میلے کی الفتوں اور نزاکتوں سے فیض یاب ہونے چلے آئے۔ جشن ادب میں سجے چار سو عارضی کتب خانے ہر آنے والے کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں، تو عاشقان ادب و ثقافت داناوٴں کی باتوں، تجزیہ کاروں کے خیالات اور لکھاریوں کی تحریروں سے آشنائی حاصل کر رہے ہیں۔ آج کی اہم نشستوں میں صوفی شاعری، بالخصوص شاہ حسین کی قافیوں اور چرخے کے تصور پر روح پرور گفتگو کی گئی جبکہ نئے میلینیئم میں پاکستانی انگلش ناولز، موروثی سیاست، پاکستان کے حالات اور کارگل کی جنگ پر لب کشائی بھی کی گئی۔ آج کے پروگرام میں پشتو شاعری پر دلچسپ اور معلوماتی بیٹھک ہوئی، 2 روزہ ادبی سنجوک میں ملک بھر سے 60 کے قریب ادیب، دانشور، شعراء اور تجزیہ کار شریک ہیں۔