07 مارچ ، 2012
کراچی… کے ایس ای 100 انڈیکس کا بینچ مارک 45 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باوجود بروکریج ہاوسیز کا کاروبار سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز نہیں بن سکا۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے ایک سینئر ممبر نے جیونیوز کو بتایا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کا بینچ مارک پونے چار سال بعد 13ہزار 300 کی سطح پر پہنچ جانے کے باوجود کے ایس ای کا ممبر شپ کارڈ اب بھی چار سے ساڑھے چار کروڑ روپے میں دستیاب ہے۔ جبکہ مالی بحران کا شکار بروکریج ہاوٴسز بدستور بند ہورہے ہیں۔ ایک ماہ میں دو ممبران نے مالی بحران کی وجہ سے اپنے ممبر شپ کارڈ زفروخت کردیئے جبکہ ایک ممبر کا کارڈ ایکسچینج نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس پر انوسیٹرز کو ادائیگیوں کے لیے ایکسچینج نے کلیمز وصول کرنا شروع کردیئے ہیں۔ سینئر ممبران کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے کاروباری حجم میں مستقل بنیادودں پر اضافہ نہ ہونے تک بروکریج ہاوسیز کے بزنس اور ان کے کارڈ کی قیمت دوبارہ14کروڑ روپے تک پہنچنا ناممکن ہے۔