04 مئی ، 2013
پشاور…خیبر پختون خوا کے سابق وزیر اطلاعات نے ملک میں جاری انتخابی مہم کے دوران پارٹی کارکنوں کے قتل عام پر احتجا ج کرتے ہوئے کہاہے کہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن اے این پی کے امیدواروں کوسیکیورٹی فراہم نہ کرکے دہشت گردوں کا ساتھ دے رہی ہے۔ لبرل قوتوں کے ساتھ قبل از انتخابات دھاندلی کی جارہی ہے۔ جس سے ظاہرہوتا ہے کہ انتخابات جانبدارہونگے۔ باچاخان مرکزپشاورمیں اے این پی کے کراچی سے امیدوارصاداق خٹک کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخارحسین نے کہاکہ کیسا غیرجانبدارالیکشن ہے کہ جس میں اے این پی کے کارکن اپنے انتخابی حلقہ تک نہیں جاسکتے جبکہ سیاسی مخالفین ایک دن میں چھ چھ جلسوں کاانعقاد کر رہے ہیں۔ تاہم اے این پی الیکشن کابائیکاٹ نہیں کرے گی۔میاں افتخار نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں کوسیکیورٹی فراہم کرنے کاوعدہ کیا ہے لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہو ا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گیارہ مئی کادن ظالموں سے بدلہ لینے کا دن ہے عوام ظالم قوتوں کو مستردکر د یں گے۔