07 مارچ ، 2012
لاہور…پی آئی اے میں اجتماعی سودا کاری یونین کے تعین کے لئے ملک بھر کے ایئرپورٹ پر ریفرنڈم 9 مارچ کو ہو گا۔ چاروں بڑی یونین میدان میں ہیں۔ سی بی اے یونین کا تعین تین سال کے لئے ہو گا جبکہ ملک بھر میں ساڑھے آٹھ ہزار ملازمین ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔پی آئی اے ریفرنڈم کے لئے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ کے ایڈمن بلاک میں پولنگ ہو گی، ساڑھے بارہ سو ملازمین اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ائر پورٹ پر چاروں بڑی یونینز نے اپنے اپنے انتخابی کیمپ لگا کر جشن کا سماں پیدا کر رکھا ہے۔ پیپلز یونٹی آئندہ بھی جیتنے کا عزم رکھتی ہے۔ائر لیگ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں قومی اداروں کا جو حال کیا ہے وہی پیپلز یونٹی پی آئی اے کا کر رہی ہے۔پیپلز یونٹی کے سابق صدر کامران چودھری گروپ نے پیپلز یونٹی سے ناراضی کے باعث ایم کیو ایم سے اتحاد کر لیا ہے۔پیاسی یونین کا کہنا ہے کہ جب سے پیاسی یونین کا اقتدار ختم ہوا ہے قومی ائر لائن زوال کا شکار ہوئی ہے۔پی آئی اے کی چاروں یونین کو سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلز یونٹی کو پیپلز پارٹی ، ائر لیگ کو مسلم لیگ ن ، یونائٹیڈ گروپ کو ایم کیو ایم جبکہ پیاسی یونین کو جماعت اسلامی کی حمایت حاصل ہے۔