07 مارچ ، 2012
لاہور…پنجاب کے وزیراعلی محمد شہبا زشریف کا کہنا ہے کہ فوج میں کچھ اچھے جنرل بھی ہیں اورکچھ برے بھی،اسی طرح سیاست میں بھی کچھ اچھے لوگ ہیں اورکچھ بْرے،ایک جرنیل نے ملک توڑا اور دوسرے نے نواب اکبر بگٹی کو قتل کیا۔شہباز شریف نے ایوانِ وزیراعلیٰ لاہورمیں الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن اورالیکٹرانک نیوزکیمرہ مین ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کھاڑک میں 23غریب جان سے گئے،مگرپنجاب کا ایک بڑا ان افراد کے قاتلوں کی پیروی کر رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ سیلاب میں فوج نے بھی کام کیا اور ہم نے بھی۔لیکن میڈیا نے ہمیں پروجیکشن کم دی۔وحیدہ شاہ کو نااہل قرار دینے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس کا تمام کریڈٹ اس کیمرہ مین کو جاتا ہے،جس نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی فوٹیج بنائی،انکا کہنا تھاکہ وحیدہ شاہ کے ایک خاتون پر تشدد سے پوری دنیا میں پاکستان کا سر شرم سے جھک گیا،لیکن 48 گھنٹوں تک مسلسل فوٹیج چلنے کے باوجود سندھ حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی ۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں غلاظت چاہے سیاسی ہو یا آمریت کی اسے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ ایوان اقبال میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور شہرمیں صفائی کا جامع پروگرام نافذ کیا جارہا ہے جسے چلانے کا انحصار شہریوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلاظت اور گندگی کے ڈھیر ختم کرکے لاہور کو پھولوں اور باغوں کا شہر بنانا ہے ،لاہور کے بعد اس نظام کا دائرہ کارپنجاب کے دیگر شہروں میں بھی پھیلایا جائے گا۔