07 مارچ ، 2012
پشاور…پشاورہائی کورٹ نے خیبرایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں جاں بحق ایف سی اہلکاروں سمیت دیگر شہریوں کے لواحقین کی جانب سے شہداء پیکج کیلئے دائردرخواست میں وزارت دفاع اوروزارت خزانہ کوفریق بنانے کی ہدایت کردی۔پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سیٹھ وقار احمد پرمشتمل بنچ نے کابل شاہ کی جانب سے دائررٹ پٹیشن کی سماعت کی ،جس میں بتایاگیاکہ 19اپریل2010ء کو جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ میں بمباری کی جس میں ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔تاہم ان افراد کے لواحقین کو صرف3،3 لاکھ روپے اداکئے گئے ہیں اورمکمل شہید پیکج نہیں دیا جارہا۔ حالانکہ واقعہ پر آرمی چیف معافی بھی مانگ چکے ہیں۔ عدالت عالیہ نے درخواست میں وزارت خزانہ اور وزارت دفاع کوفریق بنانے کی ہدایت کردی۔