11 مئی ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے منگھو پیر روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر خود کش بم حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش حملے میں دو رینجرزاہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پولنگ والے دن خود کش بم حملے میں ملوث دہشت گرد جمہوریت کے کھلے دشمن ہیں اور اس طرح کی مذموم کاروائیوں میں وہی شکست خوردہ عناصر ملوث ہیں جو دہشت گردوں کی حمایت اور انہیں مدد و تعاون فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے خود کش حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمی ہونے والے رینجرز کے جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب اور نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ پولنگ والے دن رینجرز کی گاڑی پر خود کش حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس کھلی دہشت گردی اور بربریت میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے لانڈھی کے علاقے داؤد چورنگی پر عوامی نیشنل پارٹی کے آفس کے قریب دو دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک وزخمی ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے نواب شاہ میں ایک سیاسی جماعت کے مسلح افراد کی فائر نگ سے ایم کیوایم کے ایک کارکن کی شہادت اور متعدد کارکنوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کو شفاف اور پرامن بنانے کے تمام بلند وبانگ دعووں کے باوجود ایم کیوایم کے خلا ف پر تشدد کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید عرفان ملک کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کرے ،سوگوارلواحقین کی صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے ۔