12 مئی ، 2013
کراچی …کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوارپرتحریک انصاف کے کارکنوں نے این اے250میں دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا ہوا ہے،پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ جس تبدیلی کے خواہاں ہیں ،اس کے لیے شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے،احتجاجی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ہماراکوئی ذاتی مطالبات نہیں،یہ صرف مثبت تبدیلی کیلئے گھر وں سے نکلے ہیں۔ ظاہرین نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ پورے کراچی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دن وہ ووٹ ڈالنے کے لیے گھنٹوں پولنگ اسٹیشن پرقطار در قطار کھڑے رہے ،لیکن کہیں بیلٹ بوکس نہ پہنچے تو کہیں مہریں نہ تھیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ اُن کے ارادے پکے ہیں اورملک کے روشن مستقبل کے لئے پر امید نوجوان اب بھی مایوس نہیں۔وہ کہتے ہیں کہ الیکشن ہر حال میں دوبارہ ہوں گے اور وہی نمائندے کامیاب ہوں گے جو عوام کے حقیقی ووٹوں سے کامیاب ہوں گے۔