12 مئی ، 2013
لاہور…امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ عوام بدحال ہیں اور دہشت گردی پورے ملک میں پھیل چکی ہے ،نئی حکومت کو کئی چیلنجوں کا سامنا کرنا ہو گا۔اپنے ایک بیان میں سید منور حسن نے میاں نوازشریف کو مسلم لیگ ن کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ مسلم لیگ ن کی آئندہ حکومت ان کیلئے امتحان بھی ہے ،انہوں نے اپنے منشور میں جو وعدے کیے عوام ان کے پورا ہونے کی توقع رکھیں گے ، سید منورحسن نے کہاکہ ملک کی معیشت ، صنعت اور زراعت تباہ ہو چکی ہے ، انرجی کا بحران بہت سنگین ہے ، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سادگی اختیار کرے گی ،اورعوام نے اس کے کندھوں پر جو بھاری ذمہ داری ڈالی اسے پورا کرے گی۔