08 مارچ ، 2012
کراچی… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈرون حملے کامیاب ہوں یا نقصان دہ ،اِن حملوں کو اپنی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں۔ ایک آسٹریلوی چینل سے انٹرویو میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلہ کے حل کا حصہ ہے،اگر وہاں استحکام ہوگا تو پاکستان میں بھی ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مسائل کا حصہ نہیں ہیں ،مسائل کی وجہ سے دونوں ملک کو مشکلات سے گذرنا پڑا،دنیا کو یہ سمجھنا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے آگے بڑھنے کے لئے سیاسی مفاہمت واحد راستہ ہے،فوجی حل کوئی حل نہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے کامیاب ہوں یا نقصان دہ ،ان حملوں کو اپنی خود مختاری اور سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قابل بھروسہ، بروقت قابلِ عمل انٹیلی جنس معلومات دی جانی چاہئں، پاکستان اس کے مطابق کارروائی کرے گا،لہذا ڈرون حملوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیرجنگ کبھی نہیں جیتی جا سکتی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکا ایک اہم ملک کے ،ہم اس کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں ،یہ تعلقات باہمی احترام اور مفاد پر ہونے چاہئیں،دہشت گردی کے خلاف ہمارا ہدف ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی کی طرح پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بھی کامیاب ہوگی،سینیٹ میں کامیابی واضح کرتی ہے کہ ہم درست سمت میں چل رہے ہیں۔