14 مئی ، 2013
واشنگٹن ڈی سی…متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی اور جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے پاکستان کی بعض سیاسی جماعتوں کے متعصب لیڈران اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے بعض صحافیوں اور اینکر پرسن کی جانب سے کراچی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ کراچی کے حق پرست عوام کی جانب سے ایم کیو ایم کو دئیے جانے والے مینڈیٹ کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کیا جاتا لیکن ایک بار پھر ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کراچی کے عوام کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے، کراچی کے عوامی مینڈیٹ کو دھونس ، دھمکی اور دھاندلی کا نام دے کر نہ صرف لاکھوں ووٹروں کی توہین کی جارہی ہے بلکہ کراچی دشمنی کا کھلا ثبوت بھی دیا جارہا ہے۔جنید فہمی اور سینٹرل کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ کراچی کے عوام کو مسلسل دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے اور متعصب روئیے اور بد ترین سلوک روا رکھ کر یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ اسٹبلشمنٹ اور ارباب اختیار شاید کراچی کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے بانیان پاکستان اور ان کی اولادوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور بقاء کے لئے قربانیاں دیتی کراچی کی عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے پاکستان کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام میں بڑھتی ہوئی احساس محرومی اور بے چینی کا مداوا کرنے کے لئے کراچی کے مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے اور کراچی کے عوام کو ان کے جائز حقوق دئیے جائیں۔دریں اثنا ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی ، چیپٹر انچارجز ، گہوارہ ادب، پاکستان کلب، کراچی کلب اور کمیونیکشن اینڈ میڈیا سیل کے انچارجز نے حق پرست امیدواروں کی شاندار کامیابی پر قائد تحریک الطاف حسین سمیت پاکستان اور اوورسیز یونٹس میں آباد ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔