16 مئی ، 2013
لاہور…پنجاب کی نگران حکومت نے بجٹ کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا ہے،بجٹ کا حجم 850 ارب روپے تک رہنے کا امکان ہے،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاق کے اعلان کے برابر ہو گا۔ نئے بجٹ میں توانائی سیکٹر کے لئے رقم کئی گنا بڑھائے جانے کی تجویز ہے ۔محکمہ خزانہ پنجاب کے حکام کے مطابق نئے مالی سال 2013۔2014 کا بجٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے ، یہ بجٹ پچھلے مالی سال 782 ارب روپے کے مقابلے میں 10 سے 12 فی صد زائد ہو گا،نئے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز 250 ارب روپے سے بڑھا کر 270 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، صحت کے بجٹ میں 12 فی صداورتعلیم کے بجٹ میں 15 فی صد اضافے کی تجویز ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فی صد اضافہ متوقع ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کے اعلان سے مشروط ہو گا۔ پنجاب کے نئے بجٹ میں توانائی سیکٹر کیلئے رقم کئی گنا بڑھائے جانے کی تجویز ہے۔ یہ رقم پہلے 5 ارب روپے تک تھی۔