16 مئی ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملک بھر کے عوام ،خصوصاً سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حق پرست امیدوار وں کی عام انتخابات میں تاریخی فتح پر جمعہ کو یوم تشکر منائیں اور نماز جمعہ کے بعد شکرانہ کے خصوصی نوافل اد ا کریں ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ایم کیوایم کو بزور طاقت حصہ لینے سے روکنے کی کوششیں کی گئیں ۔بم دھماکوں اور دہشت گردی کر کے ایم کیوایم کے سیکڑوں کارکنوں اورہمدردوں کو شہید وزخمی کیا گیا ، خوف و دہشت کا ماحول پید اکر کے ایم کیوایم کو آزادانہ طریقہ سے انتخابی مہم چلانے سے روکا گیا لیکن ان تمام تر رکاؤٹوں اور سازشوں کے باوجود عوام نے بڑی تعداد میں الیکشن والے دن باہر نکل کر ایم کیوایم کو ووٹ دیکر ایک بار پھر اس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ۔ الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے خصوصی نوافل ادا کر یں اور حق پرستوں کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالائیں ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داروں وکارکنوں، خصوصاًنو منتخب اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر شہداء کے گھروں پر جاکر ان کے لواحقین کا غم بانٹیں ،شہداء کی قبروں پر حاضری دیکر وہاں پھول چڑھائیں اور خدا کے حضور دعا کریں کہ وہ حق پرستی کی اس تحریک کو اس کے مقاصد میں کامیابی عطا کرے (آمین )