پاکستان
20 مئی ، 2013

عمران خان کے الزامات کیخلاف متحدہ کے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

عمران خان کے الزامات کیخلاف متحدہ کے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

حیدر آباد … الطاف حسین پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے الزامات کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم حیدرآباد زون کے اراکین اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنماوٴں نے کہا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کی بات کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اپنے بیان پر معافی مانگیں۔ سکھر میں متحدہ قومی موومنٹ کی زونل کمیٹی، نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سلیم بندھانی اور کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ زونل انچارج قطب الدین انصاری کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں ان کا مینڈیٹ چرایا گیا انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ الیکشن میں متحدہ کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ نوابشاہ میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے مارکیٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شکارپور میں احتجاجی ریلی اور جیکب آباد پریس کلب کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا۔ ایم کیو ایم لاڑکانہ زون کی جانب سے بھی ذوالفقار باغ سے جناح باغ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ دادو، میرپور خاص اور سانگھڑ میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

مزید خبریں :