20 مئی ، 2013
اسلام آباد … شدید گرمی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے، دادو میں درجہ حرارت 50 اور نوابشاہ میں 49 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں سورج آگ برسا رہا ہے۔ کڑکتی دھوپ اور شدید گرمی سے انسان، حیوان سب ہی پریشان نظر آتے ہیں۔ بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ہے۔ سندھ کے شہر دادو میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ جا پہنچا جبکہ نوابشاہ میں 49، پڈعیدن موہنجودڑو، جیکب آباد، سکھر اور سبی میں 48 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کے باعث لوگ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں، کئی علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں نے نہروں کا رخ کیا اور ڈبکیاں لگا لگا کر گرمی کم کرنے کی کوشش کی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے گرمی کی لہر ابھی مزید ایک 2 دن جاری رہے گی جبکہ آج ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا اور کوہاٹ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔